| |
برج ثور
|
ثور دائرئہ بروج کا دوسرا برج ہے۔ حسن و عشق، دوستی و ہم آہنگی کا سیارہ زہرہ اس پر حکمران ہے۔ برج ثور اپنی ماہیت میں ثابت ہے، یعنی ٹھہراﺅ اور استحکام رکھتا ہے، لہٰذا اس کے زیراثر افراد ثابت قدم اور متحمل مزاج ہوتے ہیں۔ ثور اپنی فطرت میں مونث ہے۔ اعضائے جسمانی میں کان، گردن اور حلق اس کی زیراثر ہیں۔ دائرئہ بروج میں دوسرے نمبر پر ہونے کی وجہ سے آمدن و مالیاتی امور بھی اسی برج کے ماتحت ہیں۔ جب سورج برج ثور سے گزر رہا ہوتا ہے تو تخلیقی اور پیداواری قوتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کا حاکم سیارہ زہرہ اگرچہ محبت و دوستی کا مظہر ہے، مگر برج ثور محبت کے ساتھ ساتھ دولت اور ملکیت پر بھی زور دیتا ہے۔ ثور خاکی تکون کا پہلا رکن ہے۔
|
برج ثور کا طرہ امتیاز
|
برج ثور کی نمایاں خصوصیات میںتعمیر اور تخلیق بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ خاکی برج ہونے کی وجہ سے مادیت اور عملیت اس برج کا خاصہ ہے۔ اپنی عملی قوتوں میں وہ اپنے پیش رو برج حمل سے کسی طرح کم نہیں، فرق صرف یہ ہے کہ حمل والے عمل برائے عمل کے نذریے پر کاربند رہتے ہیں، جب کہ ثور افراد عمل کو ایک پیداواری ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اگر انہیں عمل کے نتیجے میں کوئی پیداواری مفاد نظر نہیں آتا تو پھر وہ کسی عملی زحمت کو گوارہ نہیں کریں گے۔
ثور افراد توانائی اور طاقت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ وہ اپنے یا دوسروں کے خیالات کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ اگرچہ وہ خود عموماً موجد نہیں ہوتے لیکن دوسروں کے موجدانہ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں اور انہیں زیادہ سودمند بنا سکتے ہیں۔ ان کی ایک نمایاں خصوصیت ”کام کی تکمیل“ ہے۔
|
حمل اور ثور کی حد اتصال
|
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 9 اپریل سے 24 اپریل تک ہے تو آپ حمل اور ثور کے سنگم پر پیدا ہوئے ہیں اور دونوں بروج کا دل چسپ امتزاج رکھتے ہیں اور یہ امتزاج آپ کی شخصیت میں انوکھا تضاد پیدا کرتا ہے۔ حمل کی سرکشی و خودسری، جارحیت و اشتعال کے ساتھ ثور کا تحمل وتدبر، مہربانی و نرم دلی، فن کارانہ صلاحیت و وفاداری آپ کی شخصیت کو عجیب رنگ دے رہے ہیں۔
حمل اور ثور کے سنگم پر پیدا ہونے والے افراد نمایاں طور پر حاکمانہ مزاج و فطرت کے حامل ہوتے ہیں اور اپنی زبردست قوت کے بل پر اپنے ماحول پر شدت سے اثرانداز ہوتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے گردوپیش رہنے والوں کو کنٹرول کرنے اور ان پر اپنی بالادستی قائم کرنے کی سر توڑ کوشش کرتے ہیں۔ اگر ان سے ان کی خودمختاری چھین لی جائے یا انہیں کسی بالادست کے ماتحت کام کرنے پر مجبور کیا جائے تو یہ بے حد پریشان اور مضطرب ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف انہیں اس بارے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے کہ کہیں وہ اپنی ہی سرکشی، اولوالعزمی اور خودسری کا شکار ہو کر کچلے نہ جائیں۔ ان لوگوں کو چاہیے کہ دوسروں کو زیر کرنے یا ان پر قابو پانے کی کوشش نہ کریں۔ پیچھے ہٹنا سیکھیں اورجس طرح کام ہو رہا ہے، ہونے دیں۔ اگرچہ کسی کام کو اپنے طریقے سے انجام دینے کے لیے آپ کے ہاتھ میں کھجلی تو ہوتی ہوگی لیکن دوسروں کو ان کے اپنے طریقے سے کام کرنے دیں، چاہے وہ غلطیاں ہی کیوں نہ کریں۔ اپنے اردگرد رہنے والوں کے احساسات سے بے خبر نہ رہیں۔
|
ثور شخصیت و کردار
|
ایک عمدہ مکمل ثور شخصیت میں حسن و تہذیب، محبت و وقار اور جذبات کی گہرائی پائی جاتی ہے۔ وہ دوسروں کو سمجھنے اور ان سے ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن ان تمام خوبیوں کے پس پردہ ایک ایسی طاقت کی کارفرمائی بھی موجود ہوتی ہے، جس سے غلط کام لیا جا سکتا ہے۔ اگر ثور افراد کی قوت ارادی کی توانائیوں کو دانش مندی سے استعمال کیا جائے تو بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اوسط درجے کی ثور شخصیات سہل پسند ہوتی ہیں اور انہیں چھیڑ دیا جائے تو شرارت اور خودسری پر آمادہ ہو سکتی ہیں۔ دراصل ایک غیرمعمولی جذباتی حساسیت ان لوگوں میں پائی جاتی ہے، اس کے باوجود ثور شخصیت کا شان دار پہلو گہرے ہمدردانہ جذبات اور افہام و تفہیم کا رویہ ہوتا ہے جس کا اظہار یہ ان لوگوں سے کرتے ہیں جو انہیں محبوب ہوں۔
ثور افراد کو اپنے مزاج اور فطرت کا بھرپور جائزہ لے کر تنقیدی انداز میں غور کرنا چاہیے تاکہ نامناسب عادتوں کی اصلاح اور قطع و برید ہو سکے۔ ایمان داری اور مقصد کی سچی لگن اور قابل اعتماد ہونا ثور شخصیت کی فطری خوبیاں ہیں۔د وسرے لوگ ان پر بھروسا کر سکتے ہیں لیکن یہ اپنے اصول اور اپنے طریقوں کے مطابق کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جو کام بھی کریں، اپنی مرضی اور منشا کے مطابق کریں۔ ثور افراد دوسروں کے احسانات، جذبات اور رائے سے اکثر متاثر ہوجاتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ ایسے کم زور لمحات میں خود پر قابو رکھنے کی کوشش کریں۔
ثور افراد عجلت کے ساتھ کسی منصوبے پر عمل شروع نہیں کر سکتے، نہ ہی کوئی ایسا کام فوراً شروع کر سکتے ہیں جس کے طریقہ¿ کار اور نتائج کے بارے میں انہیں مکمل اطمینان نہ ہو۔ وہ تمام اصول و ضوابط پر غور کرنے کے بعد ہی مطمئن ہوتے ہیں۔ ثور افراد کے ہاں تصور پرستی کا بھی رجحان پایا جاتا ہے۔ وہ جاگتی آنکھوں سے جو خواب دیکھتے ہیں، وہ ان کے لیے بڑے سکون بخش ہوتے ہیں، لیکن انہیں خوابوں کی دنیا میں کھو جانے سے بچنا چاہیے، ورنہ بے عملی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
|
برج ثور کا عشرہ اوّل
|
ہر برج 30 درجوں پر پھیلا ہوا ہے اور اسے دس دس درجوں کے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر حصے کو ایک عشرہ کہا جاتا ہے۔ ہر عشرہ اپنی خصوصیات میں دوسرے عشرے سے کچھ مختلف ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش 25 اپریل سے 2 مئی تک ہے تو آپ کا تعلق برج ثور کے عشرئہ اوّل سے ہے اور جس پر سیارہ زہرہ کے دہرے اثرات پڑ رہے ہیں۔ اس عشرے میں پیدا ہونے والے ثوری افراد غیرجذباتی مگر رومان پسند یا نظریہ محبت کے قائل ہوتے ہیں۔ برج ثور کے بارے میں قائم کردہ نظریہ ”ضدی“ ان پر پورا اترتا ہے۔ یہ لوگ عموماً کسی کی گزارش یا مشورے کو اپنے معاملات میں دخل در معقولات سمجھتے ہیں اور اکثر ایک لمحے میں کچھ سوچے بغیر ہی اسے رد کر سکتے ہیں، البتہ یہ ان کے موڈ پر منحصر ہے کہ دوسروں کا مشورہ کھلے دل سے سننے کے لیے تیار ہو جائیں۔
عشرئہ اوّل کے ثوری افراد کو زندگی کے مادی پہلوﺅں سے بہت دل چسپی ہوتی ہے۔ ایک شان دار اور آرام دہ گھر میں آرام و آسائش کے تمام اسباب سے بھرپور طور پر لطف اندوز ہونا، اسپورٹس اور دیگر تفریحات میں حصہ لینا، گھریلو اور کاروبار امور کو چلانا ان کا خاصہ ہے۔ معاملات زندگی اگر کسی رکاوٹ کے بغیر چلتے رہیں تو یہ لوگ انتہائی خوش اطوار اور مہربان رہتے ہیں، بصورت دیگر یہ گہرے جذباتی صدمے سے نڈھال نظر آئیں گے۔ کسی گمبھیر حکمت عملی کے معاملے میں فوری طور پر عملی قدم اٹھانے کے بجائے یہ لوگ انتظار کرنا پسند کرتے ہیں اور اس تاخیری حربے سے کام لے کر اپنی کامیابی کی راہ ہموار کرتے ہیں اور کامیاب ہوتے ہیں لیکن ان میں برائی یہ ہے کہ وہ کچھ زیادہ ہی عرصے تک انتظار کرتے ہیں اور اپنی حدسے بڑھی ہوئی احتیاط پسندی کے باعث زندگی میں اکثر عمدہ مواقع گنوا دیتے ہیں۔ انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ بہت زیادہ ذمے داری اٹھانے سے گریز کریں۔ وقتاً فوقتاً اپنے اندر تبدیلی پیدا کرتے رہیں، ہوش مندی اور نیک نیتی کے نام پر تاخیر کرنے سے پرہیز کریں۔ مختلف نکتہ نظر اور ضابطوں کے لیے اپنے ذہن کے دریچے کھلے رکھیں۔
|
ثور کا عشرہ دوم
|
اگر آپ برج ثور کے عرصے میں پیدا ہوئے ہیں اور آپ کی تاریخ پیدائش 3 مئی سے 10 مئی تک ہے تو آپ کا تعلق برج ثور کے دوسرے عشرے سے ہے۔ اس عشرے کا ذیلی حکمران سیارہ عطارد ہے۔ آپ کے اصل حاکم زہرہ کے ساتھ عطاردی خصوصیات کا امتزاج آپ کو دیگر ثوری افراد سے مختلف بناتا ہے۔
عشرئہ دوم کے ثور افراد آئیڈیاز اور تکنیک کے فروغ اور دوسروں تک ان کی منتقلی میں بہت دل چسپی لیتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ زندگی کے کس شعبے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا پیشہ کیاہے، دراصل یہ لوگ ایک پیغام رساں ہیں اور اپنا پیغام دوسروں تک پہنچا کر مطمئن ہوتے ہیں۔ اسی لیے بحیثیت معلم و استاد، آرٹسٹ، قانون دان، ایڈیٹر، سفارت کار، سیلزمین، یہ لوگ نہایت کامیاب رہتے ہیں۔ قدرتی طورپر ہی انہیں محتاط رہنے کی عادت ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کے مطابق ہی آگے قدم بڑھاتے ہیں۔
عشرئہ دوم سے تعلق رکھنے والے ثور افراد اپنے افکار و عقائد کو دوسروں کے سامنے پیش کرنے پر یقین رکھتے ہیں، تاکہ وہ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان میں سے بعض زبردست محرک اور انقلابی ہوتے ہیں اور چوں کہ ان کے خیالات اور افکار ٹھوس حقائق و تجربات پر مشتمل ہوتے ہیں، لہٰذا لوگوں پر اثرانداز بھی ہوتے ہیں۔ اس عشرے میں پیدا ہونے والی چند مشہور شخصیات کا تذکرہ دل چسپی سے خالی نہ ہوگا۔ شہرئہ آفاق سیاسی فلسفی نکولو میکاولی، کارل مارکس، مشہور ماہر نفسیات سگمنڈ فرائڈ، شاعر و ادیب رابندر ناتھ ٹیگور اور معروف فلم ایکسٹریس آڈرے ہیپبرن۔
|
برج ثور کا عشرہ سوم
|
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 11 مئی تا 18 مئی تک ہے تو آپ برج ثور کے تیسرے عشرے میں پیدا ہوئے ہیں۔ اس عشرے میں برج جدی کے اثرات کی آمیزش ہے، جس کا حاکم سیارہ زحل ہے۔ زحل آپ کو پابند اور ذمے دار بناتا ہے۔ آپ کی فطرت میں مفکرانہ رجحانات پیدا کرتا ہے۔ اس کے زیراثر آپ ایک محتاط، صابر اور رحم دل انسان ہیں۔ آپ فطرتاً باقوت، ثابت قدم، زبردست قوت برداشت کے مالک، اپنی دھن کے پکے ہیں۔ کفایت شعاری اور دانش مندانہ سرمایہ کاری سے آپ کو ہمیشہ فائدہ ہوگا۔
آپ فطرت اور فطری رویے دونوں ہی کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔ آپ بے حد حساس ہیں، اس لیے آپ کو بے خوف و خطر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی آزادی ہونی چاہیے، بصورت دیگر آپ شدید گھٹن محسوس کر سکتے ہیں۔ ممکن ہے اوائل عمری میں آپ سے ایسی بچکانہ حرکات سرزد ہوتی رہی ہوں جن پر دوسرے ملامت کرتے رہے ہوں یا آپ کو اپنے بڑوں سے سخت اور جارحانہ رویوںکا سامنا کرنا پڑا ہو۔ درحقیقت آپ ایسے انسان ہیں جو سادہ الفاظ میں کسی پے چیدگی کے بغیر اپنا مافی الضمیر بیان کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو زندگی کے ایسے راستے پسند ہیں، جہاں کم سے کم مدافعت کا سامنا ہو۔ ممکن ہے جو باتیں آپ کو آسان لگتی ہوں، وہ دوسروں کے لیے انتہائی مشکل یا ناقابل فہم ہوں۔ آپ کو چاہیے کہ اپنی شخصیت کی مزید گہرائی میں اتر کر اپنے آپ کو دریافت کریں۔ معاملات کو ذرا سنجیدگی سے لیا کریں اور اپنے شخصی معیار کو تھوڑا بلند رکھیں۔ اپنے آپ سے زیادہ کی توقع کریں۔
|
مثبت اور منفی پہلو
|
ثور شخصیت کے مثبت پہلوﺅں میں نرم دلی و مہربانی، عمل اور استحکام، اعتماد و وفاداری، سخاوت اور فن کارانہ صلاحیتیں نمایاں ہوتی ہیں، جب کہ منفی پہلوﺅں میں ضد و ہٹ دھرمی، غلبہ پسندی، حسد، مادہ پرستی، سستی و کاہلی، تنگ نظری و خودپرستی اور اکھڑپن شامل ہیں۔
|
ثور بچہ
|
برج ثور کی مستقل مزاجی، ثابت قدمی اور اعتماد ثور بچے میں نمایاں نظر آتا ہے۔ وہ اپنے خیالات کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ثور بچے کے والدین کو چاہیے کہ وہ پوری ہوشیاری سے اس کی پرورش اور تربیت پر توجہ دیں، کیوں کہ بعض اوقات یہ بچے سخت مزاج اور نافرمان بن سکتے ہیں، بلکہ اپنے والدین کے خلاف ہو سکتے ہیں۔ اگر وہ ایک مرتبہ کوئی کام کرنے کا ارادہ کرلیں توپھر انہیں اس ارادے سے باز رکھنا خاصا مشکل ہوگا۔ بنیادی طو رپر ثور بچے ملنسار، نیک فطرت کے مطابق ہوتے ہیں، لیکن ان کی بات کی تردید کی جائے تو بہت برا مانتے ہیں، البتہ اگر ان کی غلطی ثابت کر دی جائے تو ان کا پیدائشی جذبہ حق و باطل فوراً اپنی غلطی تسلیم کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ یہ بچے بنیادی طور پر توانا اور طاقت ور ہوتے ہیں، لیکن مرغن غذائیں اور غذا ان کی توانائی کو ضائع کرتا ہے۔ انہیں بدپرہیزی سے روکنا چاہیے، کیوں کہ زیادہ کھانے سے ناصرف یہ کہ انہیں معدے کی خرابی کی شکایات پیدا ہوتی ہیں بلکہ یہ مٹاپے کی طرف مائل ہو کر کاہل اور سست بھی ہو جاتے ہیں۔ گلے اور حلق کی خرابیاں ہی ان بچوں کی عام بیماریاں ہیں۔
|
ثور باپ
|
بحیثیت باپ ثور افراد کو اپنے اور اپنی اولاد کے درمیان خاصا وسیع نسلی بُعد (Generation Gap) محسوس ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میں اس دوری کو کم کرنے کی کوشش خوش اسلوبی سے کرنی چاہیے اور خود کو بھی وقت کے تقاضے کے مطابق تبدیل کر لینا چاہیے۔
ثوری افراد کو اپنی فطرت کا بخوبی علم ہوتا ہے اور وہ اپنی اقدار اور اصولوں سے بھی واقف ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں اپنی اولاد کے معاملے میں بہت زیادہ تنگ نظری سے کام نہیں لینا چاہیے اور نہ ہی بہت زیادہ ان پر تسلط جمانا چاہیے۔ یہ درست ہے کہ ثوری افراد اپنی اولاد سے محبت اور ان کے خیال میں حق بجانب ہوتے ہیں مگر ضرورت سے زیادہ پابندیاں اور احتیاط زیادہ مفید نہیں ہوتیں۔ بچوں کو کچھ آزادی دینا بھی ضروری ہے۔
|
ثور ماں
|
ثور خواتین بحیثیت ماں ثور باپ کی سی خصوصیت رکھتی ہیں، یعنی ضرورت سے زیادہ محتاط اور بچوں کی حفاظت کی طرف سے متفکر اور پریشان۔ اولاد کو اپنے زیراثر رکھنے کی خواہش ثور ماں میں بھی بہت زیادہ ہے۔ وہ اپنے بچوں کی بہت اچھی طرح دیکھ بھال اور ان کا خیال رکھتی ہیں۔ ان کی ذراذرا سی ضرورتوں اور خواہشات کا بہت دھیان رکھتی ہیں۔ اس سلسلے میں معاملہ لباس کا ہو یا خوراک کا یا ان کی دوسری ضرورتوں اور خواہشات کا، وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بچے ہر وقت ظاہری طو رپر بھی صافستھرے اور اچھے نظر آئیں۔ بہرحال بحیثیت ماں ثور خواتین کی جو بھی خواہشات ہوں، انہیں یہ تسلیم کرنا پڑے گاکہ وہ خود آسانی سے اپنے اندر تبدیلیاں نہیں لا سکتیں اور خود کو حالات کے مطابق نہیں ڈھال سکتیں، مگر اولاد کی خاطر آپ کو اپنے اندر لچک پیدا کرنی چاہیے، تاکہ آپ کے اور بچوں کے درمیان غیرضروری فاصلے پیدا نہ ہوں۔
|
ثور شوہر
|
بحیثیت شوہر ثور مرد ایک کامیاب ازداجی زندگی گزارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ زیادہ باوقار، خوداعتماد، رحم دل، کشادہ دست اور اپنی ذمے داریوں کو پورا کرنے والا انسان ہوتا ہے۔ چوں کہدرحقیقت وہ فطرتاً گھریلو ماحول پسند کرتا ہے اور اپنے آرام و آسائش کے لیے ایک اچھا گھر بنانا اس کی فطرت میں شامل ہے۔ اس حوالے سے اس کے مزاج میں پائی جانے والی جذباتی شدت پسندی کو نظرانداز کر دینا چاہیے۔
ثور شوہر شاذ و نادر ہی اپنے گھر اور اہل خانہ کو نظرانداز کر کے بیرونی دل چسپیوں کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ درحقیقت وہ اپنے بیوی بچوں سے بہت لگاﺅ رکھتا ہے۔ ان کے لیے ایک معقول گھر، تعلیم، کپڑے اور دیگر دنیاوی خوشیاں فراہم کرنے کے لیے کسی محنت و مشقت سے گریز نہیں کرتا۔
ثور افراد اپنے لیے شریک حیات کا انتخاب کرتے ہوئے کسی بلند مرتبہ خاندان یا عورت کو ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ یہ اپنا معیار حیات بلند کرنے کی زبردست خواہش رکھتے ہیں۔ برج ثور کا حکمران سیارہ زہرہ ہے، اس لیے ثور مرد بڑے حسن پرست ہوتے ہیں، لہٰذا ان کی بیویوں کو چاہیے کہ ہمیشہ اپنی صحت اور خوب صورتی کا خیال رکھیں۔ ان کے سامنے ہمیشہ بن سنور کر رہیں اور ان کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آئیں۔ ثور شوہر خودکفیل بن کر رہنا چاہتے ہیں اور اس بات سے خوش ہوتے ہیں کہ وہ اپنی فیملی کو خوش رکھنے کے لیے سخت محنت اور جدوجہد کر رہے ہیں۔ گھریلو زندگی اور اس کے مسائل جو اکثر بعض دیگر بروج کے افراد کے لیے تھکا دینے والے ہوتے ہیں، ثور شوہر ان سے کبھی نہیں تھکتا، نہ ہی کبھی یہ شادی سے پہلے کی آزاد زندگی کو یاد کرتا ہے۔ منفی قسم کا ثور مرد (جس کے ذاتی زائچے میں سیارے ناقص اثر ڈال رہے ہوں) کسی حد تک اُجڈ ہوتا ہے اور ایک خاص قسم کی خودسری اور شرارت کا اظہار کر سکتا ہے۔ وہ ان لوگوں میں سے ہوتا ہے جو یہ کہتے ہیں کہ ہم اپنے لیے زندہ رہتے ہیں۔
|
ثور بیوی
|
برج ثور کی ثابت قدمی اور استحکام کا ثور بیوی کو دیکھ کر اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ نہایت قابل اعتماد، صبر و تحمل کی مالک اور ہر صورت میں ثابت قدم ہوتی ہے۔ شاذ و نادر ہی ثور عورت طلاق یا علیحدگی کے بارے میں سوچتی ہے،(اگر ایسا ہو تو یقینا اس کے انفرادی زائچہ¿ پیدائش میں قمری یا پیدائشی برج کی مخصوص صفات یا کسی سیارے کے نحس اثر کی وجہ سے ہوگا) بصورتِ دیگر ثور بیوی شوہر سے علیحدگی کے بجائے ہر تکلیف و پریشانی برداشت کرتی ہے۔ وہ فطرتاً گھریلو ہوتی ہے اور اپنے گھر کی تعمیر و ترقی سے دل چسپی رکھتی ہے۔ گھر میں ہر قسم کے آرام و آسائش کا خیال رکھتی ہے۔ ایک مہربان و وفادار ماں اور ساتھ ہی پیار کرنے والی شریک حیات ہوتی ہے۔
ثور خواتین عموماً اپنے مخصوص طریقے پر اپنا حکم چلاتی ہیں۔ وہ بظاہر پُرسکون، محتاط اور ملنسار معلوم ہوتی ہیں لیکن ان کے اندر رقیبانہ جذبات اور مادی آسائشوں کی خواہش موجود ہوتی ہے۔ اگرچہ وہ اپنے شوہر کی وفاداری پر شک نہیں کرتیں، کیوں کہ وہ خود بھی کبھی اپنی راہ سے نہیں بھٹکتیں۔
ثور بیوی کی خوش اخلاقی کے پس پردہ ایک ایسا عزم ہوتا ہے کہ جس کے ذریعے وہ اپنے شوہر کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھاتی رہتی ہے تاکہ وہ اس کی ضروریات پوری کرتا رہے۔ وہ اپنے ارادے کو چھپانے کے لیے خود کو مکمل طور پر اس کا زیرکفالت بنا لیتی ہے۔ درحقیقت اسے ایک ایسا خوب صورت اور سجا سجایا گھر چاہیے جس میں عیش و آرام کے تمام لوازمات موجود ہوں تاکہ وہ اپنی خانہ سازی کی صلاحیتوں اور اپنی خوش اخلاقی اور میزبانی کا بھرپور مظاہرہ کر سکے۔ عمدہ کھانا ثور مرد کی طرح ثور عورت کی بھی کم زوری ہے، لہٰذا ثور بیوی کو اپنا کچن بھی شان دار چاہیے، جس میں وہ اپنے کمال فن کا مظاہرہ بھرپور طور پر کر سکے لیکن ثور بیوی اگر کسی پروفیشن سے بھی وابستہ ہو تو پھر عمدہ کھانوں سے اس کی دل چسپی صرف کھانے کی حد تک ہی رہ جاتی ہے اور اپنے گھر میں وہ زیادہ کام کاج کرنا ضروری نہیں سمجھتی۔ ثور بیوی کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ شوہر سے دل کی گہرائی سے محبت کرتی ہے، اس کا بڑا خیال رکھتی ہے اور بہت حوصلہ مند ہوتی ہے۔ اگر زائچہ پیدائش میں سیارگان کے منفی اثرات موجود ہوں تو ثور عورت خودسر، ضدی اور شدت پسند ہو سکتی ہے۔
|
ثور دوست
|
بحیثیت دوست ثور افراد بڑے متحمل مزاج اور ثابت قدم ہوتے ہیں۔ وہ دوسروں سے اپنی بات منوانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ایک اچھے اور مخلص دوست کے طو رپر وہ اپنا وقت، مشورے حتیٰ کہ اپنا مال تک دینے کو تیار رہتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ ان کے مشورے ان کے دوست کے لیے مفید ثابت نہ ہوں۔ دوستانہ مراسم میں بھی یہ لوگ بڑی مستقل مزاجی سے کام لیتے اور انہیں بہت اہمیت دیتے ہیں، اسی لیے اکثر اوقات حد سے زیادہ بلکہ اپنی بساط سے بڑھ کر دوستوں کی مدد کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
|
برج ثور کی محبت کے رنگ ڈھنگ
|
برج ثور سیارہ زہرہ کا برج ہے اور زہرہ کو حسن و عشق، توازن و ہم آہنگی کا سیارہ کہاجاتا ہے توپھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ثوری افراد معاملات عشق میں کسی سے پیچھے نظر آئیں، البتہ یہ ضرور ہے کہ یہ لوگ دیگر معاملات کی طرح محبت و تعلقات میں بھی اپنے مخصوص تحفظات کو پیش نظر رکھتے ہیں۔ ان کی محبت یا دوسروں سے تعلقات سطحی یا رواداری کے انداز میں نہیں ہوتے، یہ اپنا آئیڈیل بھی تلاش کرتے نہیں پھرتے، البتہ یہ ضرور ہے کہ ثور افراد اکثر ظاہری اور جسمانی حسن سے متاثر ہوتے ہیں اور اس کےساتھ ہی دولت کی کشش ان کی نظر میں اہم ہو سکتی ہے۔
ثور ایک زبردست جذباتی، پیار کرنے والا اور پرورش کرنے والا برج ہے۔ اس کے زیراثر پیدا ہونے والے افراد(مرد و خواتین) ایک پُرسکون، مطمئن اور ذمے دارانہ ازدواجی زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں لیکن یہ ممکن ہے کہ وہ دوسروں یا اپنے ساتھی پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ ان سے تعلقات یا رومان اس صورت میں زیادہ کامیاب رہتا ہے جب فریقین کے درمیان واضح حدود کا پہلے سے تعین کرلیا جائے۔ ان لوگوں کو صرف باتوں یا اداﺅں سے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔ وہ محبت یا تعلقات میں عملی ثبوت کے قائل ہوتے ہیں، اس لیے ان کے اپنے جذبوں اور رویوں میں بھی بے حد گہرائی پائی جاتی ہے۔ ان کی وفاداری اور خلوص پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔ غیریقینی صورت حال اور کیفیات سے انہیں نفرت ہوتی ہے اور خصوصی طو رپر ذاتی ازدواجی تعلقات میں ان کے جذبات نہایت شدید ہو سکتے ہیں۔
ثور افراد کے نزدیک تمام تعلقات اور رشتے دیرپا ہوتے ہیں۔ یہ لوگ آخری حد تک انہیں برقرار رکھنے کے لیے حتی الامکان کوشش کرتے اور ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ”علیحدگی“ کا لفظ انہیں سخت ناپسند ہے۔ اپنی ازدواجی زندگی میں یہ ایک ”سائبان“ کی طرح نظر آتے ہیں جو اپنے اہل خانہ کی تمام ضروریات اور تحفظ کا خیال رکھتا ہے۔ باہمی تعلقات میں یہ کچھ زیادہ اناپرست ہوتے ہیں۔ اگر وہ آپ کے رویے اور طور طریقوںمیں تھوڑی سی بھی اجنبیت، بے چینی بے توجہی محسوس کریں گے تو یہ ان کے لیے جذباتی و روحانی طور پر ایک تازیانہ ہوگا اور یہ آپ سے دور بھاگ سکتے ہیں۔ محبت اور نرم رویہ انہیں موم کی طرح پگھلا دیتا ہے۔ وہ اس کا جواب فوراً بھرپور گرم جوشی سے دیتے ہیں۔
|
ثور اور حمل کا ساتھ
|
یہ مٹی اور آگ کا ساتھ ہے۔ دونوں میں بلحاظ عنصر کوئی ربط و ضبط نہیں ہے۔ علم نجوم کے قواعد کی رو سے یہ دونوں جڑواں بروج ہیں، لہٰذا ان کے درمیان اپنے اپنے مفادات کے تحت تو کوئی تعلق پیدا ہو سکتا ہے لیکن فطری ومزاجی ہم آہنگی ممکن نہیں۔ اس اتحاد میں حمل کے لیے فوائد اور ثور کے لیے نقصانات کا امکان موجود ہے۔
حمل شخصیت کے مثبت پہلو یہ ہیں: نڈر، بہادر اور باہمت، سرگرم و مستعد، بے ساختہ و غیرارادی، صاف ذہن اور منفی پہلوﺅں میں خودغرضی، بے صبراپن، تکبر، خودبینی، شدت پسندی، حسد، اکھڑ مزاجی اور غلبہ پسندی شامل ہے۔
ثور اور حمل کا اتحاد زیادہ دیرپا اور مفید ثابت نہ ہوگا۔ حمل افراد بڑے پُرعزم اور پختہ ارادے کے مالک ہوتے ہیں اور فوری ردعمل ظاہر کرتے ہیں، جب کہ ثابت قدم مگر سست رو ثور میں ضد اور ہٹ دھرمی بھی پائی جاتی ہے۔ اگر حمل افراد کسی فوری اور اہم مسئلے میں الجھے ہوئے نہ ہوں تو بڑے متحمل ہوتے ہیں، بصورت دیگر وہ دوسروں کو بھی گھبراہٹ میں مبتلا کر سکتے ہیں۔ ثور اپنا سکون اور جمالیاتی تصور تباہ کرنا پسند نہیں کرے گا۔ حمل کے فوری چھلانگ لگانے کے عمل میں اس کا ساتھ نہ دے گا۔ وہ ہر کام صبر و سکون سے منصوبہ بندی کے تحت کرنا چاہتا ہے، مگر حمل کو اتنے انتظار کی عادت ہی نہیں ہوتی۔ ان دونوں کے اختلافی پہلوﺅں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور ان کے باہمی تعلق میں دونوں کی قلبی کیفیات کے بارے میں وضاحت سے کچھ کہنا آسان نہیں ہے۔ یہ دونوں متضاد سمتوں کے مسافر ہیں۔
|
ثور اور ثور کا ساتھ
|
دونوں بروج خاکی عنصر، دونوں کا ستارہ زہرہ، دونوں اپنی خوبیوں اور خامیوں میں یکساں۔ یہ ایک ایسی دل چسپ صورت حال ہے کہ جیسے دو بھاری بھرکم ستون اپنی اپنی جگہ مضبوطی کے ساتھ ایستادہ ہوں۔ دونوں کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی کوئی اور انہیں ایک دوسرے کی جانب موڑ سکتا ہے، لہٰذا ان دونوں کا ساتھ ایسا ہی ثابت ہوگا جیسے ایک جگہ دو اجنبی اکٹھے ہو جائیںا ور ایک دوسرے کی طرف سے کسی معاملے میں پیش رفت کے منتظر بیٹھے رہیں۔ یہ صورت بدترین قسم کی کوفت اور سستی ظاہر کرے گی۔ ازدواجی بندھن میں بندھنے کے بعد دونوں ہی ایک دوسرے کی طرف سے پہل کا انتظار کر رہے ہوں گے کہ وہ کچھ کہے تو اس پر غور و فکر کیا جائے اور سوچا جائے کہ مناسب جواب کیا ہوگا؟ دونوں کی زندگی ایک بور فلم کی طرح شروع ہوتی ہے۔ نتیجے کے طور پر بہت جلد ایک دوسرے سے بے زار اور لاتعلق ہو جاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ صورت حال کسی خوش گوار شراکت اور تعلق کے لیے موزوں نہیں ہو سکتی، لہٰذا اس سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔
|
ثور اور جوزا کا ساتھ
|
ثور کا عنصر خاک اور جوزا کا ہوا ہے۔ دونوں مخالف عنصر ہیں۔علم نجوم کے قواعد کے مطابق یہ جڑواں برج ہیں۔ برج جوزا اپنی مثبت خصوصیات میں خوش طبع، زیرک اور ہوشیار، پُرجوش اور موقع شناس، ہمہ گیر اور ذہین ہے جب کہ منفی خصوصیات کے تحت ڈھلمل یقین، بے پروا اور بے سلیقہ، لاتعلق، خودپرست، بات پر قائم نہ رہنے والا ہے۔
ثور اور جوزا کی شراکت کسی طو رپر بھی اطمینان اور سکون بخش نہیں ہو سکتی۔ ثور اپنی جگہ مستحکم اور مضبوط و سنجیدہ مزاج ہوتا ہے جب کہ جوزا کی بے چینی اور تبدیلی پسند فطرت اسے کسی ایک جگہ پر ٹکنے نہیں دیتی، اس لیے ثور کو جوزا کے ساتھ مستقبل کے حوالے سے عدم تحفظ کا احساس رہے گا۔ جوزا اپنے ماضی اور حال سے بے پروا اور مستقبل سے غافل نت نئی دل چسپیوں کی طرف فوری متوجہ ہونے والا ہوتا ہے، جب کہ ثور اس کی تیزرفتاری سے پریشان ہو سکتا ہے، کیوں کہ وہ عجلت میں کوئی کام کرنا پسند نہیں کرتا۔ ثور فرد محبت کے معاملے میں بھی قابضانہ طور طریقے اپناتا ہے لیکن جوزا جیسے اُڑتے پنچھی کو قابو میں رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے، نتیجتاً اس کے پیچھے بھاگتے بھاگتے سست رو ثور کی سانس پھول سکتی ہے۔ ثور عمدہ خوراک کا شوقین اور ایک پُروقار گھریلو ماحول کا طالب ہوگا، جب کہ جوزا کی زیادہ سے زیادہ گھر سے باہر گھومنے پھرنے کی عادت دونوں میں نت نئے اختلافات جنم دے گی۔ اگر دونوںایک دوسرے کی عادات و فطرت کو سمجھنے کی کوشش کریں تویہ جوڑی کامیاب ہو سکتی ہے۔ بصورت دیگر ثور کا صبر و تحمل ختم ہو سکتا ہے اور اس کی وجہ سے جو اشتعال پیدا ہوگا، وہ جوزا کو راہِ فرار اختیار کرنے پر مجبور کر دے گا۔
|
ثوراور سرطان کا ساتھ
|
ثورکا عنصر خاک اور سرطان کا پانی ہے۔ مٹی پانی کی گزرگا ہ ہے اور پانی مٹی کو زرخیزی دیتا ہے، لہٰذا عناصر کے اعتبار سے دونوں میں ایک رشتہ موافقت موجود ہوتا ہے۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق بھی دونوں میںموافق زاویہ¿ نظر موجود ہے۔
سرطان شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں حساس، ہمدرد، کچھ پُراسرار، مو¿ثر، وفادار اور تخیلاتی ہوتی ہے جب کہ اس کے منفی پہلوﺅں میں تذبذب، یاسیت، احساس کم تری، من موجی پن اور زود رنجی شامل ہیں۔ ثور اور سرطان کا ساتھ بڑا معنی خیز ہو سکتا ہے۔ دونوں کے درمیان گرم جوشی اور ولولہ موجود ہوگا۔ ابتدا میں سرطان کو سمجھنے میں ثور کو کچھ دشواری پیش آسکتی ہے، کیوں کہ سرطان افراد ذرادیر سے کھلتے ہیں۔ وہ حد سے زیادہ اپنی ذات کی حفاظت کرتے ہیں اور شاذ و نادر ہی اس بات کا اظہار کریں گے کہ کون سی چیز ان کے لیے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ ثور کو ان کے مسائل کا سراغ لگانا پڑتا ہے لیکن صبر و تحمل کا پیکر ثور یہ کارنامہ سرانجام دے لیتا ہے۔ دونوں ہی گھر پر آرام کرنے اور عمدہ کھانا کھانے اور پکانے کو ترجیح دیں گے۔ سرطان ثور کو اپنی ماں یاد دلاتا رہے گا اور ثور سرطان کو بتائے گا کہ وہ اپنے باپ کو یاد رکھے۔ یہ دونوں ہی ایک دوسرے کو تحفظ دیتے ہیں اور دونوں کے درمیان بہت محبت اور اتفاق رہتا ہے۔ دونوں اپنے رویوں میں بڑی معصومیت رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کی رفاقت میں تحفظ محسوس کرتے ہیں، البتہ ایک مسئلہ اس وقت درپیش ہوتا ہے جب اس شراکت میں سرطان مرد اور ثور عورت ہو، کیوں کہ سرطان مرد ثور عورت کے مزاج کے مطابق نہیں ہوتا بلکہ وہ اس رفاقت میں خود کو غیرمحفوظ تصور کرتا ہے، لہٰذا کسی مرحلے پر وہ پیچھے ہٹ سکتا ہے خصوصاً جب وہ محسوس کرتا ہے کہ ثور عورت اس پر غالبانہ قبضہ جما رہی ہے۔ بہرحال اس کے علاوہ ان دونوں بروج میں اور کوئی تضاد نہیں ہے۔
|
ثور اور اسد کا ساتھ
|
ثور مٹی اور اسد کا عنصر آگ ہے۔ دونوںمیں کوئی خصوصی تعلق نہیں۔ علم نجوم کے قواعد کی رو سےدونوں ایک مخالف زاویہ¿ نظر رکھتے ہیں۔
اسد شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں باوقار اور فراخ دل، وفادار اور مہربان، گرم جوش، خودشناس، شاہانہ مزاج، ڈرامائی اور متحرک ہوتی ہے جب کہ اپنی منفی خصوصیات میں شدت پسند، مغرور اور متکبر، ضرورت سے زیادہ پُراعتماد اور خود پسند ہوتی ہے۔
ثور اور اسد کا اتحاد مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ثور کی سستی، ضد اور محدودیت، اسد کو پسند نہیں آئے گی۔ وہ گھومنا پھرنا اور تفریح کرنا چاہے گا۔ دونوں ہی کسی فولادی مٹی کی طرح اپنی اپنی جگہ مضبوط اور غیرلچک دار ہوں گے اور اپنی اپنی دل چسپیوں، اصولوں، نظریات میں کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ ثور کے ضدی پن اور اکھڑ مزاجی کے جواب میں اسد کی ضد اور گستاخی نمایاں ہوگی۔ نتیجے کے طور پر اکثر و بیشتر نت نئے تنازعات جنم لیتے رہیں گے۔ اسد کے خیالات بہت بلند ہوتے ہیں اور وہ شاہانہ انداز میں ایک حاکم کی طرح رہنا چاہتا ہے، لہٰذا وہ ثور کی بے پروائی یا کفایت شعاری برداشت نہیں کرے گا۔ وہ اس بات کی خواہش رکھتا ہے کہ اس کے شان دار طریقوں اور پُروقار شخصیت کی تعریف کی جائے، جب کہ یہ کام ثور کے لیے ذرا مشکل ہوگا، کیوں کہ ثور کو اپنی ذات اور اس سے متعلقہ مسائل کی بہت فکر رہتی ہے۔و ہ یہ چاہے گا کہ اسد اس کا تابع ہو کر رہے۔ اگر اس جوڑی میں ثور عورت اور اسد مرد کا ساتھ ہو تو بات کسی حد تک بن سکتی ہے، کیوںکہ ثور عورت بہت محبت کرتی ہے، وہ اپنے صبر و تحمل اور قوت برداشت سے اسد مرد کے حاکمانہ مزاج کو برداشت کر لے گی اور اسد مرد بھی اسے ایک ذمے داری بیوی سمجھتے ہوئے گھر تک محدود کر کے باہر اپنے لیے اپنی من پسند دل چسپیاں ڈھونڈ لے گا۔ اس طرح یہ ازدواجی بندھن جیسے تیسے چلتا رہے گا مگر اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ اس جوڑی کو ایک کامیاب، قابل اطمینان رفاقت سے تشبیہہ نہیں دی جا سکتی، لہٰذا ان دونوں کو ایک دوسرے سے دور ہی رہنا چاہیے۔
|
ثور اور سنبلہ کا ساتھ
|
دونوں بروج کا عنصر مٹی ہے، لہٰذا دونوں کی خصوصیات میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق ثور سے سنبلہ پانچویں نمبر پر ہے۔ پانچواں گھر محبوب سے متعلق ہے، جب کہ سنبلہ سے برج ثور نواں برج ہے۔ ساتواں گھر مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق ہے۔ اس اعتبار سے دونوں بروج کے درمیان موافقت کا زاویہ نظر موجود ہے۔
سنبلہ شخصیت اصول و ضوابط کی پابند، کچھ پُراسرار، معقولیت پسند، تجزیہ نگار اور سلیقہ مند ہوتی ہے، جب کہ اپنے منفی پہلوﺅں میں بہت زیادہ معترض، نکتہ چینی کی عادی، تنگ نظر اور غیرمطمئن ہوتی ہے۔
ثور اور سنبلہ کی جوڑی نہایت کامیاب ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کی خصوصیات سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے وہ کچھ کہہ سکتے ہیں، جن کی انہیں ضرورت ہے۔سنبلہ کی سلیقہ مندی، پے چیدہ معاملات میں تجزیے کی صلاحیت، اپنی ذمے داری کی بحسن و خوبی اور بروقت ادائی ثور کے لیے اطمینان کا باعث ہوگی، جب کہ ثور کی ثابت قدمی، سخت محنت، وفاداری، سنبلہ کو بھرپور احساس تحفظ دلاتی ہے۔ دونوں سطحی رومانیت اور دکھاوے کی باتوں سے دور رہتے ہیں اور محبت کے اظہار میں بھی عملی طور طریقوں کے قائل ہوتے ہیں، لہٰذا دونوں میں سے کسی کو بھی کوئی جذباتی ٹھیس پہنچنے کا اندیشہ نہیں ہوتا ہے۔ دونوں اپنی مصروفیات اور دل چسپیوں کی حدود متعین کر لیتے ہیں اور اس معاملے میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ ثور کی طاقت اور سنبلہ کی ذہانت باہم مل کر ترقی کی نئی منزلیں طے کرتی ہیں۔ اگرچہ دونوں ہی بہت جذباتی ہوتے ہیں مگر ثور کا صبر و تحمل اور سنبلہ کی ذہانت اور معاملہ فہمی کوئی جذباتی پے چیدگی پیدا نہیں ہونے دیتی، لہٰذا ثور اور سنبلہ کی رفاقت سے ایک کامیاب، خوش گوار ازدواجی زندگی کی توقع رکھی جا سکتی ہے۔
|
ثور اور میزان کا ساتھ
|
ثور کا عنصر مٹی، میزان کا ہوا ہے۔ مٹی کا کام ہوا کو کثیف بنانا ہے، جب کہ ہوا کا کام مٹی کو منتشر کرنا ہے، لہٰذا عناصر کے اعتبار سے دونوں میں موافقت نہیں ہے۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق بھی دونوں کے درمیان کوئی موافق زاویہ نظر موجود نہیں ہے۔ میزان برج ثور سے چھٹا برج ہے۔ چھٹا خانہ صحت اور ملازمت کا ہے جب کہ میزان سے برج ثور آٹھویں نمبر پر ہے اور آٹھواں خانہ خوف و حادثات کا ہے، لہٰذا برج ثور کے لیے برج میزان ایک اچھا ماتحت اور مددگار ہو سکتا ہے، لیکن برج میزان کے لیے برج ثور کسی خوف اور خطرے کی علامت ہوگا۔
میزان شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں شائستہ اور باسلیقہ، متوازن اور انصاف پسند، دل کش، ذہین، مصلحت اندیش اور ہوشیار ہے، جب کہ اپنے منفی پہلوﺅں میں سہل پسند، کسی حد تک سست، ڈھلمل یقین، خودغرض اور بے ثبات، الگ تھلگ رہنے والی ہوتی ہے۔
ثور اور میزان اگرچہ ایک ہی سیارے زہرہ کے زیراثر دونوں زندگی کی خوب صورتی اور حسن کو پسند کرتے ہیں لیکن ان دونوں کی ذہنی کیفیات یا ذہنی اُفق میں نمایاں فرق ہوتا ہے۔ اگر حالات ذرا بھی غیرموافق ہوں تو ان کے درمیان خاصی خرابیاں اور پے چیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ ثور کا زندگی کے بارے میں انداز کچھ سست روی کا ہوتا ہے، جو میزان کے مزاج کے خلاف ہے۔ ثور فرد (عورت یا مرد) پر زندگی میں یکسانیت سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور اسے اکثر معاملات میں سست روی یا حالات کی یکسانیت نہیں ملتی۔ اس کے برعکس میزان افراد(عورت یا مرد) کی فطرت میں ہر لمحہ معاملات کےمثبت اور منفی پہلوﺅں پر غور و خوض اور ان کی تہ تک جانے کا جذبہ ہوتا ہے، خواہ یہ پہلو اور معاملات کتنے ہی غیر اہم کیوں نہ ہوں۔ میزان شخصیت کے لیے کسی بھی بحث مباحثے میں جیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ثور فرد اپنے میزان ساتھی کی ہر معاملے میں باریک بینی اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کی عادت سے بعض اوقات تنگ آجاتا ہے، کیوں کہ میزان افراد کسی بھی معاملے میں فیصلہ کرنے میں محبت سے کام نہیں لیتے۔ ثور افراد بحث و مباحثے اور تکرار سے گھبراتے ہیں، یہی وہ عوامل ہیں جس کی وجہ سے ان دونوں کی جوڑی بہت کامیاب نہیں رہتی۔
|
ثور اور عقرب کا ساتھ
|
برج ثور کا عنصر مٹی اور عقرب کا پانی ہے۔ مٹی پانی کی گزرگاہ ہے جب کہ پانی مٹی کو زرخیزی بخشتا ہے۔ دونوں بروج کے درمیان عناصر کے اعتبار سے موافقت ہے۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق دونوں مقابلے کے برج ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے کے بہترین شریک ہو سکتے ہیں۔
عقرب شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میں مضبوط قوت ارادی، خوداعتمادی، مقناطیسی کشش، مصلحت اندیشی، مشکل پسندی، ہوشیاری اور کچھ پُراسراریت لیے ہوتی ہے، جب کہ اس کے منفی پہلوﺅں میں حسد، غلبہ پسندی، طنزیہ انداز، غرور و نشہ اور مکاری شامل ہیں۔
برج ثور اور عقرب کی شراکت نہایت کامیاب اور معنی خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں ایکدوسرے کی خوبیوں کو پسند کرتے ہیں اور ان کے درمیان ستائش باہمی کا جذبہ موجود ہوتا ہے۔ ثور فرد میں وہ خوبیاںیا خصوصیات پہلے سے موجود ہوتی ہیں جن کی ایک عقربی شخصیت آرزو کرتی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ عقرب کی اناپسندی انہیں تسلیم نہ کرے اور ثور میں وہ تحمل، برداشت بھی موجود ہوتی ہے جس کا مظاہرہ عقرب کے لیے ضروری ہے۔ یہ دونوں مل کر خواہ کاروباری اشتراک قائم کریں یا ازدواجی، کسی معاملے میں بھی ایک دوسرے سے کم ثابت نہ ہوں گے۔ گویا دونوں جانب سے ہر میدان میں برابر کا مقابلہ ہوگا۔ عقرب کی شدت پسندی ثور کے صبر و تحمل اور قوتِ برداشت کے سامنے دم توڑ سکتی ہے اور ثور کی ضد، اڑیل پن، سست روی کا علاج عقرب کے پاس موجود ہے۔ اس طرح مادی طور پر یہ ایک بڑی اچھی شراکت ہے، البتہ روحانی اور جذباتی معاملات میں ان کے درمیان قدرے تلخی یا کسی بدمزگی کا امکان بھی رہتا ہے۔ اگر یہ منفی طور طریقوں سے دور رہیں توپھر ان کی باہمی بدمزگیاں ختم ہوجاتی ہیں اور یہ ایک کامیاب جوڑی بن جاتی ہے لیکن اس وقت سے ڈرنا چاہیے جب ان میں سے کوئی ایک منفی اندازِ فکر اختیار کرلے۔ اس صورت میں ان کے خوش گوار تعلقات کا حسین تاج محل زمین بوس ہو سکتا ہے۔
|
ثور اور قوس کا ساتھ
|
برج ثور کا عنصر مٹی اور قوس کا آگ ہے۔ دونوں کے درمیان موافقت یا عدم موافقت کا کوئی رشتہ موجود نہیں ہے۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق بھی دونوں کے درمیان موافقت کا کوئی زاویہ نظر موجود نہیں ہے۔ برج ثور قوس سے چھٹے نمبر پر ہے، گویا وہ قوس کا ماتحت ہے، جب کہ ثور سے قوس کا نمبر آٹھواں ہے، جو ثور کے لیے ایک خانہ خوف و حادثات ہے۔
قوس شخصیت کے مثبت پہلو اصول پسندی، دیانت داری، بے خوفی اور صاف دلی، کھلنڈراپن، آزاد روی، تجسس اور ذہانت، فطرت پسندی، آرزومندی اور فراخ دلی ہیں، جب کہ منفی پہلوﺅںمیں شیخی، جارحانہ انداز، بہت زیادہ پُراعتمادی، مبالغہ آرائی، بے اصولی، اکھڑپن، منافقت اور بے فکراپن شامل ہیں۔
ثور اور قوس کے درمیان کوئی کاروباری یا ازدواجی تعلق زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہو سکتا، کیوں کہ دونوں اپنی فطری خصوصیات میں ایک دوسرے سے بے حد مختلف ہیں۔ برج ثور میں ملکیت پسندی اور حاکمانہ انداز بہت زیادہ ہے، جب کہ قوس فرد ایک صاف گو، آزادرو اور گھلنے ملنے والا شخص ہوتا ہے۔ وہ ثور شخصیت کی مرضی کے خلاف متحرک رہے گا اور یہ بات دونوں کے درمیان وجہ فساد ہو سکتی ہے۔ ثورشخصیت کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے ایک پُرسکون جگہ میسر آجائے، اس کے لیے یہی بہت ہے۔ جب کہ قوس شخصیت کا نعرہ یہ ہے کہ
”کچھ اور چاہیے وسعت مرے بیان کے لیے “۔
گھومنا پھرنا، سفر اور سیر و تفریح اس کی لازمی ضرورت ہے۔ اس کے مقابلے میں ثور اس قدر بھاگ دوڑ کا عادی نہیں ہوتا۔ قوس کی سرگرمیاں اس کا سکون برباد کر سکتی ہیں۔ قوس شخصیت بے حد خوش امید جب کہ اس کے برعکس ثور شخصیت قنوطیت پسند اور قوس کی یاسیت کو بالکل پسند نہیں کرے گا۔ جواباً ایسے مرحلوں پر اس کی دل جوئی کرنے کے بجائے چند طنزیہ تیر چھوڑ دے گا۔ اگرچہ یہ دونوں بروج بہت صاف گو، صاف دل اور دیانت دار ہوتے ہیں، مگر ان کے درمیان موجود تضادات نت نئے مسائل پیدا کرتے رہتے ہیں۔ قوس کی بے باکی اور سوچے سمجھے بغیر اظہار خیال حساس ثور کو سخت ناگوار گزر سکتا ہے جب کہ خود ثور بغیر سوچے سمجھے کسی سچائی کا بھی اظہار نہیں کرتا، لہٰذا اس جوڑی سے خوش گوار تعلقات کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔
|
ثور اور جدی کا ساتھ
|
دونوں کا عنصر مٹی ہے۔ اس طرح دونوں ایک دوسرے سے تقویت پاتے ہیں۔ علم نجوم کے قواعد کے مطابق دونوں بروج کے درمیان موافق زاویہ¿ نظر موجود ہے۔ جدی سے پانچویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے برج ثور اس کا محبوب ہے اور ثور سے نواں برج ہونے کی وجہ سے جدی ثور کے منصوبوں کی تکمیل کرنے والا ہے۔
جدی شخصیت اپنے مثبت پہلوﺅں میںعملی اور کارگزار، مستقل مزاج، معاون، منطقی، کم گو اور محنتی ہے، جب کہ اس کے منفی پہلو بدظنی، شک، سردمہری، خودغرضی، مزاحمت، یاس پسندی، زودرنجی، غیرجذباتی اور ضدی ہونا ہے۔ جدی اور ثور کے درمیان ایک قابل اعتماد شراکت قائم ہو سکتی ہے۔ ان دونوں بروج میں عملیت پسندی پائی جاتی ہے۔ دونوں بہت سی چیزوں اور معاملات کے بارے میں یکساں خیالات رکھتے ہیں۔ دونوں میں اپنی منزل تک پہنچنے کی لگن ہوتی ہے۔ مقصد کے حصول کے بعد انہیں بہت سکون اور تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔ دونوں میں فن کارانہ صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ دونوں موسیقی کو بھی پسند کرتے ہیں۔ ثور افراد میں بڑی گہری حس مزاح پائی جاتی ہے، جب کہ جدی افراد میں بھی ایک طرح کی مضحکہ خیز اور عجیب سی حس مزاح موجود ہوتی ہے۔ دونوں کی شراکت اور اتحاد دولت کمانے کے لیے بھی شان دار ثابت ہوتا ہے۔ ان تمام خوبیوں اور یکساں عادات کے باوجود ان کاباہمی تعلق بعض اوقات بوریت کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ بعض اوقات ثور حضرات یا خواتین اپنی لگاتار جدوجہد یا کامیابیوں کے بعد کچھ اکتاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں یا مزید بلند حوصلگی ان میں مفقود ہو جاتی ہے۔ اس صورت میں جدی بہت کشمکش اور ہیجان میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
|
ثور اور دلو کا ساتھ
|
ثور کا عنصر مٹی اور برج دلو کا ہوا ہے۔ عناصر کے اعتبار سے دونوں مخالف مزاج رکھتے ہیں۔ علم نجوم کے قواعد کی رو سے بھی یہ دونوں بروج مخالف زاویہنظر رکھتے ہیں۔
دلو شخصیت کی مثبت خصوصیات میں دیانت داری، سچائی کی تلاش، مہربانی، کشادہ ذہنی، ہردل عزیزی، وجدانیت اور جدت پسندی شامل ہیں جب کہ منفی پہلوﺅں میں متلون مزاجی، انوکھاپن، سنکی، پل میں تولہ پل میں ماشہ، سرکشی وغیرہ روایتی ہونا شامل ہے۔
ثور کے ہمراہ دلو کی رفاقت دونوں کے لیے پریشانی کا باعث ہو سکتی ہے۔ خصوصاً ایک ازدواجی بندھن میں بندھ کر وہ زیادہ عرصہ خوش گوار تعلقات قائم نہیں رکھ سکتے۔ دلو کے غیرروایتی طور طریقے اور انداز، نت نئی چیزوں میں دل چسپی لینا ثور کا سکون برباد کر کے رکھ دے گا۔ ثور کی مستحکم مزاج فطرت اور کفایت شعاری و محدودیت دلو کے لیے بوریت کا باعث ہوگی۔ اس کی تشریح پسند طبیعت مخصوص حدود قیود میں رہ کر خوش گواری محسوس نہ کرے گی، پھر یا تو وہ اعصابی مریض بن جائے گا یا بغاوت پرآمادہ ہوگا اور بغاوت ثور کے لیے ناقابل برداشت ہوگی۔
اگرچہ دونوں بروج ایک پُرسکون زندگی چاہتے ہیں، لیکن اس حوالے سے دونوں کے اصول و نظریات میں سخت اختلاف پایا جاتا ہے۔ ثور کو یہ بات ناپسند ہوگی کہ دلو اسے ہر بات نہیں بتاتا اور اپنے بہت سے معاملات اس سے پوشیدہ رکھتا ہے، جب کہ دلو یہ محسوس کر کے برہم ہوگا کہ ثور اس پر مکمل تسلط و غلبہ رکھنا چاہتا ہے اور اس کی آزادیوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ دلو اپنے اردگرد کی ہر شے میں دل چسپی لینا چاہتا ہے جب کہ ثور ایک مختصر حلقے تک خود کو محدود رکھتا ہے اور صرف ان ہی چیزوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے جن کی اسے ضرورت ہے۔ یہی وہ تضادات ہیں جو دونوں کے درمیان ناخوش گواریاں پیدا کر سکتے ہیں اور یہ جوڑی ناکامی کا شکار ہو سکتی ہے۔
|
ثور اور حوت کا ساتھ |
ثور کا عنصر مٹی اور حوت کا پانی ہے۔ دونوں میں عمدہ موافقت موجود ہے۔ علم نجوم کے قواعد کی رو سے حوت، برج ثور سے گیارہویں نمبر پر ہے، گویا ثور کی امید و خواہشات کا مظہر ہے جب کہ حوت سے ثور تیسرا برج ہے اور حوت کی ذہنی دل چسپیاں اس سے وابستہ ہیں۔
حوت شخصیت کے مثبت پہلو یہ ہیں: حساس اور فراخ دل، شریف النفس، مہربان و ہمدرد، متاثرکن، تخیلاتی اور فطرت سے محبت کرنے والا، جب کہ اپنی منفی خصوصیات میںحوت شخصیت مبہم و غیریقینی کیفیات کی حامل، سست رو، بے پروا، غیرعملی و غیرمتوازن ہوتی ہے۔
ثور اور حوت کی جوڑی بڑی کامیاب ثابت ہو سکتی ہے۔ اصول پرست اور خوابوں کی دنیا میں رہنے والا حوت پُرسکون، خاموش اور عملی فطرت کے مالک ثور کے ساتھ بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ یہ شراکت حوت فرد(مرد یا عورت) کو خاصا تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست یا رفیق حیات بن سکتے ہیں اور چوں کہ ان دونوں کی پسندیدہ چیزیں اور عملی رجحان ایک ہی ہوتا ہے، اس لیے یہ دونوں ہی ایک دوسرے کے لیے دل چسپی اور خوشیاں فراہم کر سکتے ہیں لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جب ایک دوسرے کو اچھی طرح جان لیں تو بیل(ثور) اپنے ساتھی حوت(مچھلی) کو ایک معمولی اور بے وقوف مخلوق قرار دے کر ٹھکرا دے۔ دوسری طرف حوت فرد بھی اپنے ثور ساتھی کو مادیت پرست اور خودسر قرار دے دے۔ یہ ایک ایسا تعلق اور رشتہ ہے جس میں دائرئہ بروج کی یہ دونوں شخصیات ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتی اور دوسرے کو سکھا سکتی ہیں۔ اگر کبھی ان دونوں میں کسی موضوع پر بحث یا اختلاف رائے شروع ہو جائے تو اس میں کسی کو بھی فاتح قرار دینا مشکل ہوگا لیکن چوں کہ دونوں میںحس مزاح پائی جاتی ہے، اس لیے ایسی صورت حال کا پیدا ہونا، اس کا خطرناک حد تک جانا ذرا مشکل ہی نظر آتا ہے اور عموماً یہ جوڑی کامیاب رہتی ہے۔
|
|